اتوار 2 مارچ 2025 - 18:18
موت کے جمال و جلال سے واقفیت لازمی ہے، حجۃ الاسلام سید عقیل الغروی

حوزہ/ مجلسِ ایصالِ ثواب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موت کے جمال و جلال کو سمجھنا ضروری ہے۔ ہم مختصر زندگی میں علم اور تجربے کے ذریعے جلال و جمال کا لطف اٹھاتے ہیں، لیکن حقیقت میں زندگی کی دائمی حقیقت کے جمال و جلال کا مشاہدہ موت کے بعد ہی ممکن ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے عام طور پر لوگ اس حقیقت سے ناآشنا رہتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،علی گڑھ/ عالمی شہرت خطیب و عالم دین دین حجۃ الاسلام و المسلمین سید عقیل الغروی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کیمپس بیت الصلوٰۃ میں منعقدہ مجلسِ ایصالِ ثواب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موت کے جمال و جلال کو سمجھنا ضروری ہے۔ ہم مختصر زندگی میں علم اور تجربے کے ذریعے جلال و جمال کا لطف اٹھاتے ہیں، لیکن حقیقت میں زندگی کی دائمی حقیقت کے جمال و جلال کا مشاہدہ موت کے بعد ہی ممکن ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے عام طور پر لوگ اس حقیقت سے ناآشنا رہتے ہیں۔

کنیز سیدہ بنت سید محمد ہاشم رضوی مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا موصوف نے کہا کہ مجلس ایک ایسا ادارہ، عبادت اور وسیلہ ہے، جو دنیا میں رہتے ہوئے بھی آخرت سے مسلسل مربوط رکھتا ہے۔ یہ ایک فکر انگیز اور حیات بخش ذریعہ ہے، جو دارِ فانی سے دارِ آخرت کے لیے حیاتِ جاوداں عطا کرتا ہے۔ سن 61 ہجری سے آج تک لاکھوں، کروڑوں مجالس برپا ہو چکی ہیں، اور نہ جانے مزید کتنی منعقد ہوں گی، لیکن نہ عزا کا حق ادا ہوگا اور نہ ہی سید الشہداء علیہ السلام کا۔ افسوس کہ لوگ مجلس کی برکات اور اس کی اہمیت کا مکمل اندازہ نہیں کر پاتے۔

حجۃ الاسلام سید عقیل الغروی نے مزید کہا کہ موت کے جمالیات ایک نہایت جمیل، پُر جلال اور پُر وقار حقیقت ہے، جس کا جلال و جمال، زندگی کے جمال و جلال سے کہیں زیادہ ہے۔ انسان اپنی پوری زندگی امام علیہ السلام کی زیارت کی تمنا کرتا ہے اور عبادات، مالی و جسمانی قربانیوں میں مشغول رہتا ہے، لیکن آخری لمحہ، یعنی موت کے وقت، اسے امام امیرالمومنین علیہ السلام کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔ یہ امام (ع) کا وعدہ ہے، اور یہی موت کے جمال کا وہ پہلو ہے، جس کی معرفت ہر انسان کے لیے ضروری ہے۔

مجلس میں معروف مرثیہ خواں استاد حسن علی مظفر نگری نے اپنے منفرد انداز میں مرثیہ پیش کیا۔ مجلس کا آغاز معروف قاری مولانا محمد مجلسی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔

منعقدہ مجلس میں صدر شعبہ شیعہ دینیات اے ایم یو پروفیسر سید محمد اصغر، مولانا سید زاہد حسین رضوی، پروفیسر اصغر اعجاز قانمی، شبیہ حیدر، کاظم عابدی، ایڈوکیٹ جواد نقوی، حیدر نقوی، منصف عابدی، مبارک زیدی، فردوس زیدی، دانش زیدی، ڈاکٹر شجاعت حسین اور دیگر معززین سمیت یونیورسٹی کے پروفیسرز، ڈاکٹرز اور اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha